خیبر پی کے : مسلم لیگ ن تحریک انصاف کا پولیو سمیت 9 بیماریوں کیخلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان

خیبر پی کے : مسلم لیگ ن تحریک انصاف کا پولیو سمیت 9 بیماریوں کیخلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) قومی ایکشن پلان  پر عملدرآمد سے متعلق صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب نے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک  اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان، چیف سیکرٹری امجد علی خان نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ آئی جی ناصر خان درانی، آئی جی فرنٹیئر کور میجر جنرل طیب اعظم و دیگر اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔ گورنر خیبر پی کے نے اس موقع پر کہا کہ قوم نے دہشت گردی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔ دہشت گردوں کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف نے پولیو سمیت 9 بیماریوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کر لیا۔ فاٹا اور خیبر پی کے میں 9 بیماریوں کے خلاف مہم چلائی جائے گی۔ فیصلہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ مہم کا نام ’’صحت کا اتحاد‘‘ رکھا گیا ہے۔ ابتدائی تجاویز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے دے دی گئیں ہیں۔ یہ مہم فروری سے مئی کے درمیان شروع کی جائے گی۔ صوبائی وزیر صحت شہرام خان کے مطابق صوبے میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائیگا۔ مہم صوبے کے 10 اضلاع اور فاٹا کی 4 ایجنسیوں میں چلائی جائے گی۔