بے نظیر بھٹو شہید نے آمرانہ سوچ کیخلاف جدوجہد کی: شرجیل میمن
حیدر آباد (نامہ نگار) رکن صوبائی اسمبلی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے مزدوروں اور کسانوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی اور سب کے لئے مشعل راہ بنی انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے بعد خواتین کا سیاست میں آنے کا رجحان پیدا ہوا اور انہیں حوصلہ ملا وہ راہوکی ٹنڈو جام میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ اور علاقہ معزیزین کو دیئے جانے والے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو آمرانہ سوچ کے خلاف جدوجہد کی اور دوسری جانب نواز شریف کا شاہی خاندان سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی بہادری کی مثالیں آج بھی دی جا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ایک حکمران خاندان ہے جس کو ائیر کنڈیشنڈکمرے میں بٹھایا گیا تو کہا گیا کہ ظلم ہو گیا جبکہ دوسری جانب شہید بینظیر بھٹو نے عدالتوں میں پیشیاں بھکتی اور کبھی بھی عدلیہ کی توہین نہیں کی۔