امریکہ:16 سالہ لڑکا طیارے کے پہیوں میں چھپ کر کیلیفورنیا سے ہوائی پہنچ گیا
ہوائی (اے این این) امریکہ میں 16 برس کے ایک لڑکے نے ہوائی جہاز کے پہیوں کے اندر چھپ کر پانچ گھنٹے کا سفر طے کیا اور کیلیفورنیا سے ہوائی پہنچ گیا۔ ایف بی آئی نے اس لڑکے سے تفتیش کے بعد اسے ہسپتال بھیج دیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ یہ لڑکا گھر سے بھاگ کر سان ہوزے ہوائی اڈے پہنچا اور اس کی باڑ کو پھلانگ کر ہوائی جہاز میں سوار ہوگیا۔ہوائی ایئر لائنز کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ صبح جب ہوائی جہاز ہوائی اترا تب ملازمین کو اس لڑکے کا پتہ چلا۔ ایف بی آئی کے ترجمان نے کہا اس پرواز کے دوران وہ 12 ہزار میٹر کی اونچائی پرآکسیجن کی کمی اور جما دینے والی سردی میں بھی زندہ رہا۔ وہ سفر کے دوران زیادہ وقت بے ہوش رہا۔ 1947ء سے لیکر اب تک جہاز کے پہیوں والی جگہ میں چھپ کر سفر کرنے کی ایک سو کے قریب کوششیں ہوئیں۔ تقریباً تین چوتھائی افراد اس دوران ہلاک ہوگئے تھے۔