دنیا کی کوئی طاقت عوام کو پیپلز پارٹی سے جدا نہیں کرسکتی:بلاول
گھوٹکی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے دریائے سندھ کے سیلابوں کو محفوظ طریقے سے گڈو اور سکھر سے گذارنے، لوگوں کو متوقع نقصان سے محفوظ بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی طرف سے کی گئی احتیاطی تدابیر اور دن رات کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ میں موجود سیلابی ریلے کو سمندر تک بھی اسی محفوظ طریقے سے پہنچایا جائیگا۔ پیپلز پارٹی غریب اور نادار عوام کا اثاثہ ہے، دنیا کی کوئی بھی طاقت عوام کو پیپلز پارٹی سے جدا نہیں کرسکتی۔ پیپلز پارٹی نے ملک و قوم کے مفاد کی خاطر پہلے بھی قربانیاں دی ہیں، مستقبل میں بھی عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جائیگا۔ گھوٹکی ضلع کے قادرپور لوپ بند پرکچے کے علاقے میں سیلاب متاثرین کیلے لگائے گئے خیمہ بستی کے دورے کے دوران سیلاب متاثرین سے گفتگو کر رہے تھے۔ انکے ساتھ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر خورشید شاہ، سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمد خان مہر، پیپلز پارٹی ضلع گھوٹکی کے صدر باری خان پتافی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری قادپور لوپ بند اور شینک بند کا فضائی جائزہ لینے کے فوراً بعد جب وہاں پہنچے تو وہاں موجود پیپلز پارٹی کے ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں نے فلک شگاف نعرے لگا کر انکا استقبال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے محکمہ آبپاشی کے سیکرٹری بابر آفندی سے سندھ میں سیلاب اور شینک بند سمیت دیگر حفاظتی بندوں کو مضبوط کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کی معلومات لی۔ سیکرٹری آبپاشی نے بتایا کہ 3 لاکھ 66 ہزار کیوسک کا بڑا ریلا گڈو سے گذر گیا ہے جہاں اب پانی کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے۔ سکھر بیراج پر پانی میں اضافے کا رجحان جاری ہے جس سے کوئی خطرہ نہیں۔ حکومت سندھ نے نہ صرف فلڈ کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا ہے بلکہ انکی رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی جمع کروا دی ہے ۔ اسکے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری خیمہ بستیوں کے اندر گئے اور خیموں کے اندر سیلاب متاثرین سے گلے ملکر انکے ساتھ زمین پر بیٹھ کر حال احوال پوچھا۔ انکو زمین پر بیٹھا ہوا دیکھ کر وزیراعلیٰ قائم علی شاہ، خورشید شاہ اور علی محمد خان مہر بھی نیچے بیٹھ گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین سے گلے ملکر انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہر دکھ سکھ میں پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ہے، مستقبل میں بھی ساتھ رہے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے خیمہ بستیوں کے قریب قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں سیلاب متاثرین میں راشن اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا۔