صوفیا کے افکار کی خوشبو پھیلا کر بارود کی بو ختم کی جا سکتی ہے: سید ریاض شاہ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ علماءجعلی اور حقیقی جہاد کا فرق واضح کریں اور فضائل ِ جہاد کے ساتھ ساتھ شرائط ِ جہاد بھی بیان کریں، بدامنی کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے صوفیاءکی تعلیمات کو اپنایا جائے۔ صوفیاءکے افکار کی خوشبو پھیلا کر بارود کی بو ختم کی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظامِ مصطفی ہی قوم کی آخری امید ہے، بیرونی دشمنوں نے فرقہ واریت کی آڑ میں بلوچستان میں یلغار کر دی ہے۔ ایک مسلمان کو دوسرے مسلمان کا خون بہانے کی ترغیب دینے والے اسلام کے دوست اور پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ نفرت انگیز گستاخانہ مذہبی لٹریچر تلف کیا جائے۔