سانحہ کوئٹہ: پنجاب میں اہلسنت والجماعت کے رہنماﺅں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مولانا معاویہ اعظم سمیت متعدد گرفتار

جھنگ +اٹھارہ ہزاری(نامہ نگاران)کوئٹہ میں ہونیوالی دہشت گردی کے بعد پنجاب میں بھی اہلسنت والجماعت کے اہم راہنماﺅں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گزشتہ شب جھنگ سے اہلسنت والجماعت کے مرکزی لیڈر مولانا معاویہ اعظم جو کہ سابق ایم این اے مولانا اعظم طارق شہید کے بیٹے ہیں سمیت متعدد کارکنوں کو گزشتہ شب جھنگ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ثناءنیوز کے مطابق جیل ذرائع نے ان کی گرفتاری اور نظر بندی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ معاویہ اعظم کو گزشتہ رات جیل لایا گیا تھا اور ڈی سی او شاہد نیاز کے حکم پر 10روز کیلئے نظر بند کردیا گیا ہے۔ معاویہ اعظم کو ڈسٹرکٹ جیل میں علیحدہ سیل میں رکھاگیا ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق ان کی ملاقات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔