جیکب آباد: جلسے میں دھماکہ، سائیں حسین شاہ زخمی، پوتا جاں بحق

جیکب آباد (نوائے وقت نیوز) گوٹھ احمد دین بروہی میں جلسے میں بم دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ بم دھماکہ قمر والی درگاہ کے گدی نشین سائیں حسین شاہ کے جلسہ میں ہوا۔ دھماکہ میں شفیق حسین شاہ جاں بحق ہوئے۔ شفیق حسین شاہ قمر والی درگاہ کے گدی نشین سائیں حسین شاہ کے پوتے تھے۔ دھماکے میں 10افراد زخمی ہوئے۔ ایس ایچ او غلام محمد بروہی کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔ ریموٹ کنٹرول بم کو بھوسے میں چھپایا گیا تھا۔ دھماکے میں سائیں حسین شاہ بھی زخمی ہوئے۔ سائین حسین شاہ پرحملے کے خلاف اہل سنت کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے تنگوانی کندھ روڈ پر دھرنا دیا۔ چیئر مین اتحاد اہل سنت سید اعجاز شاہ نے سائیں حسین شاہ پر حملے کے خلاف جیکب آباد میں 3 روزہ ہڑتال اور سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیں حسین شاہ پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ملزمان گرفتار نہ کئے گئے تو احتجاج کیا جائیگا۔ لاڑکانہ میں سائیں حسین شاہ پرحملے کے خلاف ریشم گلی، بند روڈ اور دیگر علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تمام بازار کاروباری مراکز بند کروا دئیے۔ درگاہ حسین آباد ممبر میں سائیں حسین شاہ کے مریدوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور احتجاج کیا۔