امن اور انسانیت کے دشمن صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں: میاں مرغوب

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وممبرقومی اسمبلی میاں مرغوب احمدنے کہا ہے کہ معاشرے میں دہشت گردوں کا وجود ناقابل برداشت ہے۔ امن وآشتی اورانسانیت کے دشمن صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں،ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ دیکھنا ہو گا بیگناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے درندوں کوکس کا آشیرباد حاصل ہے۔ کوئی مسلمان اس قدر بے رحمی اور بیدردی سے کسی انسان کے خون سے اپنے ہاتھ نہیں رنگ سکتا، کوئٹہ اور شہرقائدؒ میں ہونیوالے قتل عام کے محرکات کوبے نقاب اوران کا سدباب کیا جائے۔ پیپلزپارٹی کی عوام دشمن پالیسیاں اس کو بندگلی میں لے آئیں۔ صدر زرداری اوران کے حواریوں کو عوام کے حقوق سلب کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔