گوجرانوالہ: نجی سکول کے پرنسپل کے مبینہ تشدد سے ساتویں کا طالب علم بے ہوش ‘بڑے بھائی کے سکول آنے پر اس کی بھی پٹائی کردی

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سکول پرنسپل نے ساتویں کلاس کے طالب علم کو مبینہ تشددکا نشانہ بنا ڈالا، بتایا گیا ہے کہ کنگنی والا کا رہائشی پندرہ سالہ فراز حیدر نجی سکول میں ساتویں کلاس کا طالبعلم ہے، فراز کے مطابق سکول پرنسپل اکرم نے ٹیچر نیلم کو نکال کر نئی ٹیچر کو بھرتی کر لیا تھا، نئی ٹیچر کے بے جا تشدد سے تنگ آ کر اس نے اپنی سابقہ ٹیچر کو واپس آنے کے لیے خط لکھ دیا جس کے بعد پرنسپل نے طیش میں آ کر اسے تھپڑوں اور جوتوں سے مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جسکے باعث وہ بے ہوش ہوگیا، علم ہونے پر جب فراز کا بڑا بھائی بلال سکول پہنچا تو پرنسپل نے اسے بھی مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا تاہم دونوں بھائیوں کو انکے ورثاء نے طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کرتے ہوئے سکول پرنسپل کے خلاف شدید احتجاج اور اعلیٰ حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔