کور کمانڈر کی زیرصدارت اجلاس میں ملتان ڈی جی خان کی سکیورٹی صورتحال پر غور، انتظامیہ کو فوج کے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی

ملتان (پ ر) کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل عابد پرویز کی زیرصدارت، کور ہیڈ کواٹرز میں آرمی و سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کا اجلاس ہوا جس میں مجموعی طور پر موجودہ سکیورٹی صورت حال کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اپنے محکموں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ لیفٹیننٹ جنرل عابد پرویز نے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران پاک فوج کی طرف سے مکمل یقین دہانی کرائی گئی کہ جب بھی سول انتظامیہ کو فوج کی مدد کی ضرورت پڑے گی پاک فوج کے افسر اور جوان محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر سول انتظامیہ کی بھرپور مدد بھی کریں گے۔ اجلاس میں اعلیٰ فوجی حکام کے علاوہ کمشنر ملتان، کمشنر ڈی جی خان، کمشنر ساہیوال، آر پی او ملتان، آر پی او ڈی جی خان، آر پی او ساہیوال، ڈائریکٹر سپیشل برانچ اور ڈائریکٹر آئی بی نے بھی شرکت کی۔