فیصل آباد: داماد نے فائرنگ کرکے سسر قتل‘بیوی کو زخمی کرکے خود کشی کر لی

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی پر شوہر نے سسر اور بیوی کو فائر مارنے کے بعد خودکشی کر لی۔ سسر ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ بیوی کی طبی امداد جاری، تفصیلات کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے بارواں رسالہ کالج روڈ کے رہائشی40 سالہ نوید احمد کی اپنی اہلیہ 35سالہ کرن سے گھریلو معاملات پر جھگڑا چل رہا تھا جس پر کرن بی بی شوہر سے ناراض ہو کر اپنے والدین کے گھر آئی ہوئی تھی اسی دوران نوید احمد اپنی اہلیہ کو منانے سسرال گیا تو ان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس پر نوید احمد نے فائرنگ کر کے اپنے سسر 60 سالہ خادم حسین، 35سالہ بیوی کرن بی بی کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کرنے کے بعد اپنے آپ کو فائرنگ کر کے موت کو گلے لگا لیا۔ زخمی ہونے والے باپ بیٹی کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں خادم حسین بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ کرن بی بی کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیتے ہوئے کارروائی شروع کر دی۔