شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی ہر ممکن مدد کرینگے: حافظ سعید

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی ہر ممکن مدد کرینگے: حافظ سعید

منچن آباد (نامہ نگار) امیر جماعت الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ جماعت الدعوۃ کے رضاکار شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ریلیف کیمپ قائم کر کے متاثرین میں پکی پکائی خوراک اور انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ملک سے بھارت و امریکہ کی مداخلت ختم اور اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ مذہبی و سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر دفاع پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں۔ وہ گذشتہ روز مقامی شادی ہال میں جماعت الدعوۃ کے زیراہتمام کارکنوں کی تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا موقف بالکل واضح ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا دائرہ ملک دشمنوں  تک محدود رکھا جائے۔ شمالی وزیرستان آپریشن صرف ان عناصر کے خلاف ہونا چاہئے جو بھارت و امریکہ کے اشاروں پر وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہے ہیں۔ جماعت الدعوۃ نے سوات آپریشن کے دوران متاثرہ بھائیوں کو خوراک اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کیں اور اب بھی انشااللہ شمالی وزیرستان آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے  والے اپنے بھائیوں کی ہرممکن مدد کریں گے۔ قبائلی پاکستان سے محبت کرنے والے اور اس کے محافظ ہیں۔ وہ بیرونی اشاروں پر پاکستان کو میدان جنگ بنانے والوں کے ساتھ ہیں۔آپریشن کے دوران پرامن قبائلیوں کے جان و مال کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔