حکومت سے معاہدہ ختم: حافظ گل بہادر گروپ نے آج سے فورسز کیخلاف لڑائی کا اعلان کر دیا

حکومت سے معاہدہ ختم: حافظ گل بہادر گروپ نے آج سے فورسز کیخلاف لڑائی کا اعلان کر دیا

بنوں (دی نیشن رپورٹ) حکومت کے ساتھ امن معاہدہ ختم کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں طالبان رہنما نے آج سے سکیورٹی فورسز کے خلاف لڑائی کا اعلان کر دیا ہے۔ فون پر دی نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ گل بہادر کے ترجمان احمداللہ احمدی نے کہا کہ 20 جون سے ہم فورسز کے خلاف ضرب مومن کے نام سے جنگ شروع کر رہے ہیں۔ یہ ہمارے جہاد کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا شوریٰ مجاہدین نے معاہدہ قائم رکھنے کیلئے ہرممکن کوشش کی ہے۔ ہمارا تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور انہیں کبھی شمالی وزیرستان میں فورسز کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا۔ واضح رہے کہ گل بہادر کو اچھا طالبان کہا جاتا ہے، اس نے 2006ء میں حکومت سے امن معاہدہ کیا تھا اس پر 2007ء میں نظرثانی کی گئی تھی اور اب اسے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔