امن و امان، آئی ڈی پیز، خیبر پی کے حکومت کا اے پی سی بلانے کا فیصلہ

پشاور/ نوائے وقت رپورٹ (اے پی اے) خیبر پی کے حکومت نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور آئی ڈی پیز کے انتظامات پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان اور دیگر جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں شمالی وزیرستان میں آپریشن سے متاثرہ آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران پارلیمانی لیڈرز کی جانب سے  حکومت کو اے پی سی بلانے کی تجویز دی جس پر وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور آئی ڈی پیز سے متعلق امور پر تجاویز لینے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ شمالی وزیرستان سے فوجی آپریشن سے متاثر ہونے والے افراد کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے۔ واضح رہے  خیبر پی کے حکومت نے شمالی وزیرستان آپریشن سے متاثرہ افراد کو صوبے کے سکولوں میں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی آئی ڈی پیز کی رہائش کے لئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
خیبر پی کے / فیصلہ