ملک کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمن اکٹھے ہو گئے‘ قبائلی عمائدین فعال ہو جائیں: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ

ملک کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمن اکٹھے ہو گئے‘ قبائلی عمائدین فعال ہو جائیں: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ

پشاور (نوائے وقت نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے گومل زم ڈیم کے مغوی اہلکاروں سے متعلق کیس خارج کر دیا، جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے دشمن اکٹھے ہو گئے۔ قبائلی عمائدین بھی فعال ہو جائیں تاکہ فاٹا میں حالات بہتر ہوں۔ یہ ریمارکس چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ دوست محمد خان نے گومل زام ڈیم کے مغوی اہلکاروں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دئیے، سماعت کے دوران قبائلی عمائدین ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کہاکہ میں نے کبھی نہیں سنا کہ قبائلی علاقوں میں کسی نے پاکستانی پرچم جلایا ہو۔ چیف جسٹس نے کہا کہ فاٹا کے عوام گذشتہ 63سال سے غربت اور پسماندگی کا شکار ہیں، کاغذات میں دکھایا جاتا ہے کہ کروڑوں روپے قبائلی علاقوں کی ترقی پر خرچ ہوئے ہیں لیکن حقیقت میں کچھ نہیں ہوتا۔ اگر پشاور ہائیکورٹ کے اختیارات فاٹا تک بڑھائیں گے تو قبائلیوں کو تمام اداروں سے تحفظ ملے گا۔ چیف جسٹس دوست محمد خان نے گومل زام ڈیم کے لاپتہ اہل کاروں سے متعلق کیس خارج کر دیا۔ گومل زم ڈیم کے لاپتہ اہل کار چند روز قبل بازیاب کرا لئے گئے تھے۔