عید تعطیلات کے دوران ہسپتالوں میں انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت

 عید تعطیلات کے دوران ہسپتالوں میں انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت

لاہور (پ ر) محکمہ صحت نے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات بلا تعطل فراہم کرنے کے لئے صوبے کے تمام سرکاری و خود مختار ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ طبی اداروں کی انتظامیہ کو علاج معالجہ کے تمام انتظامات اور ڈاکٹروں و طبی عملہ کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ایک سرکلر کے ذریعے پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، چیئرمین شیخ زید میڈیکل کمپلکس لاہور، خود مختار طبی اداروں کے پرنسپلز ، ڈی جی ہیلتھ، تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے ایم ایس ، ای ڈی او ز ہیلتھ اور ڈی ایچ کیو و ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ چھٹیوں کے دوران اپنے اپنے طبی اداروں میں سینئر انتظامی ڈاکٹروں کے علاوہ میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں اور ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ پلان ترتیب دیں، بیڈز مخصوص کریں، جان بچانے والی ادویات کا وافر سٹاک یقینی بنائیں ، میڈیکل آلات ، ہسپتالوں کی لفٹس کو فنکشنل رکھیں، بجلی کی متبادل فراہمی کے لئے جنریٹرز کو چالو حالت میں رکھیں ، آپریشن تھیٹرز بھی تیار رکھیں- علاوہ ازیں ایمبولینسز اور ٹیلی فون ایکسچینجز کو بھی فنکشنل رکھنے کو یقینی بنائیں۔ نیز ہر ہسپتال کے بلڈ بنک میں تمام گروپس کے بلڈ ڈورنر ز کی فہرست اور خون کا ذخیرہ موجود رکھیں ۔ تمام متعلقہ افسران کو مذکورہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی کہ غفلت برتنے والے سٹاف کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔