استاد الحدیث مولا نا یعقوب خان 87 سال کی عمر میں انتقال کر گئے
لاہور (پ ر) برصغیر پاک و ہند کے نامور بزرگ عالم دین اور جامعہ اشرفیہ لاہور کے استاد الحدیث مولانا محمد یعقوب خان علالت کے بعد 87 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مولانا محمد یعقوب خان نے جامعہ اشرفیہ لاہور سے تعلیم حاصل کی‘ تعلیم کے بعد آپ وفات تک 65 سال جامعہ اشرفیہ لاہور کے استاد الحدیث کے منصب پر فائز رہے۔ آپ کے ہزاروں شاگروں میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم، نائب مہتمم مولانا قاری ارشد عبید، ناظم حافظ اسعد عبید، مولانا حافظ اجود عبید سمیت دیگر نامور علماء کرام شامل ہیں۔ مولانا محمد یعقوب خان نے 4 بیٹے ،4 بیٹیاں ، بیوہ سمیت ہزاروں شاگرد اور لاکھوں عقیدت مند سوگوار چھوڑے۔ مولانا محمد یعقوب خان علم و عمل کے پیکر، اسلاف کی جیتی جاگتی تصویر اورچلتا پھرتا دینی کتب خانہ تھے ان کی تمام زندگی جامعہ اشرفیہ لاہور میں درس و تدریس میں گذری جامعہ اشرفیہ لاہور کے اکثر اساتذہ انہی کے شاگرد ہیںجبکہ دیگر شاگردوں میںملک کی نامور دینی و مذہبی شخصیات مولانا محب النبی ، مولانا مشرف علی تھانوی، مولانا قاری احمد میاں تھانوی، مولانا محمد اکرم کاشمیری، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان،مولانا زبیر حسن، مولانا عبدالرحیم چترالی، مولانا فیاض الدین چترالی ،مفتی احمد علی ، مفتی محمد زکریا،پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی ملک، مولانا عبدالرؤف فاروقی ، مولانا امجد خان، مولانا ڈاکٹر سعد صدیقی ، مولانا میاں محمد اجمل قادری، مفتی محمد حسن، مولانا ڈاکٹر خلیل احمد تھانوی، مولانا مجیب الرحمن انقلابی اور مولانا فہیم الحسن تھانوی سمیت دیگر علماء کرام شامل ہیں۔مولانا محمد یعقوب خان کی نماز جنازہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں شیخ الحدیث ولی کامل حضرت مولانا صوفی محمد سرور صاحب مدظلہ نے پڑھائی جس میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے اساتذہ و طلبہ سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ہزاروں لوگوں نے شرکت کی بعد میں مرحوم کو مقامی قبرستان شیرشاہ اچھرہ لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔