کوئٹہ: مغوی ڈاکٹر مناف کی عدم بازیابی پر ڈاکٹرز تنظیمیں سراپا احتجاج

کوئٹہ(آئی این پی) ماہر امراض قلب ڈاکٹر مناف ترین کے اغوا  کو دو ماہ گزر گئے، لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کی بازیابی میں تاحال ناکام نظر آتے ہیں۔ ڈاکٹر تنظیموں کی ہڑتال کی وجہ سے مریض مشکلات کا شکار ہیں۔ڈاکٹر مناف ترین کی عدم بازیابی کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں نے احتجاجاً او پی ڈیزمیں مکمل ہڑتال کر دی ہے۔ جب کہ ڈاکٹرز کے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کو بھی44روز گزر گئے ہیں لیکن ڈاکٹر مناف ترین کو تاحال بازیاب نہیں کروایا جا سکا۔ او پی ڈیز کی مکمل بندش کے باعث کوئٹہ اور دیگر اضلاع کے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔