نصیر آباد: خیبر ایجنسی میں نیٹو کنٹینرز پر فائرنگ‘ ڈرائیور جاں بحق‘ تربت سے 3 نعشیں برآمد

نصیرآباد + تربت (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں منگولی کے قریب مسلح افراد نے نیٹو کنٹینر پر حملہ کرکے ڈرائیور کو ہلاک اور کنٹینر کو آگ لگا دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق افغانستان سے کراچی جانے والے نیٹو کے کنٹینر پر منگولی کے مقام پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کر دی، فائرنگ سے ڈرائیور عابد علی جاں بحق ہو گیا، مسلح افراد نے کنٹینر کو آگ بھی لگا دی، کنٹینر پر نیٹو افواج کے استعمال کی فوجی گاڑیاں لدی ہوئی تھیں۔صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی نے مقدمہ درج کر لیا۔ ادھر خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں شاہ گئی کے مقام پر نامعلوم افراد نے نیٹو کنٹینرز پر فائرنگ کر دی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دریں اثناء تربت کے علاقے جوسک سے 3افراد کی نعشیں برآمد ہوئی جنہیں شبہ ہے کہ اغوا کرنے کے بعد گولیاں مارکر ہلاک کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے مرنیوالوں کی شناخت اور پوسٹ مارٹم کے لئے نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔