ژوب فورسز نے پی ٹی سی ایل کے 5 مغوی ملازمین کو بازیاب کرالیا، 7 دہشت گرد گرفتار

ژوب (آئی این پی+صباح نیوز)ژوب میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران پی ٹی سی ایل کے پانچ ملازمین کو بازیاب کرا لیا ، ملازمین کو دو ہفتے قبل گاڑی سمیت اغوا کیا گیا تھا۔ جن کی بازیابی کے لئے رات گئے پاک افغان سرحدی علاقے کانو کائی میں آپریشن کیا گیا ۔ بازیاب ہونے والوں میں سجاد بیگ ، محمد طاہر ، محمد نبی ، اسد خان اور محمد عباس شامل تھے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے ایف سی اس علاقے میں کارروائی کر رہی ہے۔ ایف سی کی اس آپریشن میں150اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی لی گئی ۔ 2پی ٹی سی ایل اہلکاروں سمیت آٹھ افراد اب بھی دہشت گردوں کے قبضے میں ہیں ایف سی کی جانب سے مغویوں کی بازیابی کے لئے ژوب کے علاقے مرغہ کبزئی، قمر الدین کاریز، گوال اسماعیل زئی اور ملحقہ علاقے میں کارروائی ابھی بھی جاری ہے۔