معصوم بچوں کا خون بہانے والے خارجی ہیں، انکا جہاد سے تعلق نہیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃالدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے علماء کرام اور خطباء حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں پشاور میں ہونے والی دہشت گردی کو موضوع بنائیں اور نفاذ شریعت کے نام پر غیر ملکی ایجنڈے کو پروان چڑھانے والوں کی اصل حقیقت سے لوگوںکو آگاہ کریں۔ معصوم بچوں کا خون بہانے والی خارجی ہیں‘ ان کا جہاد اور خلافت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ آج ملک بھر میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوںکے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا جائیگا اور ملکی سلامتی و استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ اپنے بیان میں حافظ محمد سعید نے کہاکہ پشاور دہشت گردی بہت بڑا قومی سانحہ ہے۔ معصوم بچوں کا خون بہانے والے اسلام کی خدمت نہیں کر رہے بلکہ بیرونی قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ اس سانحہ میں ملوث درندوں کے کردار کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا بہت ضروری ہے۔ علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین کو چاہیے کہ وہ خطبات جمعہ میں اسلام کے عظیم عمل جہاد کو بدنام کرنے کی سازشوں سے مسلم امہ کو آگاہ کریں۔ حکومت بے گناہ مسلمانوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو پھانسیوں کی سزائوں پرجلد عملدرآمد کرے۔ معصوم بچوں کا خون بہا کر بدترین دہشت گردی کی گئی۔ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سقوط ڈھاکہ کے دن معصوموں کا خون بہایا گیا۔ دہشت گردی کے مسئلے پر بھارت اور افغانستان سے کھری کھری بات کی جائے۔ بھارت کے افغانستان میں قائم قونصل خانے دہشت گردوں کی نرسریاں ہیں۔ خارجی دہشت گرد اسلام اور پاکستان سمیت پوری انسانیت کے دشمن ہیں جو وطن عزیز پاکستان کو خون میں نہلا کر غیر ملکی دشمن ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔