کئی شہروں میں شدید دھند‘ حادثات میں 14 افراد جاں بحق‘ متعدد زخمی
لاہور/پشاور (خبرنگار + خصوصی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروںاور خیبر پی کے کو برفباری اور شدید دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ بالائی علاقوں اور پہاڑیوں پر ہونیوالی برف باری نے ملک کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔ کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر ہو گئی جبکہ ٹریفک حادثات میں 14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے، دھند کے باعث لاہور ائرپورٹ پر پروازوں کا آپریشن معطل رہا۔کئی ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ منڈی بہائوالدین سے نامہ نگار کے مطابق منڈی بہائوالدین کے علاقہ سیدا کے قریب دھند کے باعث مسافر ویگن اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 4 مسافرجاں بحق جبکہ 7مسافر شدید زخمی ہوگئے۔ گجرات جانے والی مسافر وین جب پھالیہ کے نواحی موضع سیدا شریف کے قریب پہنچی تو سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق افراد اور زخمیوں کو تحصیل ہسپتال پھالیہ پہنچایا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے منڈی بہاؤالدین کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دھند کے باعث جنڈیالہ باغوالہ میں 2 رکشے ٹکرانے سے عارف جاں بحق ہو گیا 2 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق حیدرآباد ٹاؤن سے مزدا جھنگ جا رہا تھا دھند کے باعث جھنگ روڈ پر تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنیوالی گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں شوکت نامی ڈرائیور اس کا ساتھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ حادثہ میں 4 افراد زخمی بتائے گئے ہیں۔شکر گڑھ اور عیسیٰ چوک سے نامہ نگاران کے مطابق نواحی گاؤں منڈی خیل کا رہائشی محمود خان رات کو سڑک پار کر رہا تھا دھند سے نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا جسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق نارووال اور گردنواح کے علاقے گذشتہ تین روز سے دھند اور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں سردی کی شدت کے اضافے کے ساتھ دھند میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔نارووال سے لاہور سیالکوٹ اور دوسرے علاقوں کا سفرکا دورانیہ کئی گھنٹے بڑھ گیا ہے۔ سمبڑیال سے نامہ نگار کے مطابق اڈہ بیگووالہ ریلوے روڈ کے رہائشی محنت کش محمد رفیق کا 17سالہ بیٹا محمد رضوان اپنے کزن عمر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر صبح سیالکوٹ کام پر جارہا تھا شدید دھند کے باعث ڈرائی پورٹ چوک سمبڑیال نہر اپر چناب کے قریب اچانک تیز رفتاربس سے ٹکرانے کے باعث محمد رضوان شدید مضروب ہوگیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ دریں اثناء سمبڑیال میں مختلف مقامات پر 5 موٹر سائیکل سوار احتشام، طیب رضا، محمد اکرم، محمد شاہد اور ساجد محمود بھی شدید دھند سے حادثات کے دوران زخمی ہوگئے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق چوتھے روز بھی کمالیہ اور گرد و نواح میں شدید دھند چھائی رہی۔ اس دوران ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ دفاتر اور سکولوں کو جانے والے طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دن بھر گہرے بادل چھائے رہے، ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔ دھند کی سفید چادر نے سمبڑیال وگردنواح کو بھی سارا دن ڈھانپے دکھا۔شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق دھند اور سخت سردی کی وجہ سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق جہلم اور ملحقہ علاقوں میں سردی اور دھند کی شدت میں اضافہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے، دھند کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ لاہور ائر پورٹ کو بدترین دھند نے اپنی لپیٹ میں لئے رکھا۔ گذشتہ رات بھی ائر پورٹ کو گہری دھند نے لپیٹ میں لے لیا اور رات 12 بجے سے صبح 10 بجے تک پروازوں کے اترنے اور روانگی کا آپریشن بند ہو گیا۔ کوالالمپور، مانچسٹر، دوبئی، ابوظہبی سے آنیوالی پروازوں کو کراچی ائر پورٹ پر اتارا گیا اور صبح 10 بجے ائر پورٹ پر آپریشن بحال ہونے کے بعد کوالالمپور اور مانچسٹر سے آنیوالی پی آئی اے کی پروازوں نے کراچی سے پرواز کر کے لاہور ائر پورٹ پر لینڈنگ کی۔ جمعرات کو شاہین ائر لائن کی کراچی سے آنیوالی پرواز 3 گھنٹے، مسقط سے آنیوالی پرواز گیارہ گھنٹے، دوبئی سے آنیوالی پرواز 6 گھنٹے، ریاض جانیوالی پی آئی اے کی پرواز 7 گھنٹے اور دمام جانیوالی پی آئی اے کی کی پرواز ساڑھے چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ اور شیخوپورہ میں شدید دھند سے حد نگاہ صفر ہو گئی جس کی وجہ سے شیخوپورہ میں ایم ٹو اور موٹروے لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی۔ گزشتہ ملک کے شمالی علاقوں میں سب سے زیادہ سردی پڑی۔ سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 11 ڈگری سنٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہیگا۔ صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائی رہے گی۔ لکی مروت میں نیشنل ہائی وے پر مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم سے4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ملتان شہر اور گردونواح میں شدید دھند سے حد نظر 700 میٹر رہ گئی۔ کراچی سے ملتان آنے والی پرواز پی کے 330 تاخیر کا شکار ہو گئی۔ فیصل آباد شہر اور گردونواح میں بھی دھند بڑھ گئی۔ جھنگ، میاں چنوں، خانیوال، چیچہ وطنی، جڑانوالہ، سمندری، گوجرہ، چنیوٹ، رحیم یار خان، رجانہ بھی دھند کی لپیٹ میں آگئے۔ میدانی علاقوں میں دھند کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔ کراچی سے لاہور آنے والی خیبر میل 10 گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔ تیز گام، کراچی اور فرید ایکسپریس کی آمد میں 12 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی ہے۔ ادھر پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق شدید دھند کے باعث پشاور موٹر وے کو دوسرے روز بھی بند کردیا گیا جس کی وجہ سے لاہور، کراچی، نوشہرہ، راولپنڈی اور چارسدہ سے آنیوالی پبلک ٹرانسپورٹ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔