ننکانہ صاحب: رائے شاہ جہان بھٹی نے دوبارہ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) سابق ایم پی اے رائے شاہجہان احمد خاں بھٹی نے پاکستان مسلم لیگ(ن) چھوڑ کر دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے آج انہوں نے اپنی رہائش گاہ واقع بشیر بھٹی روڈ ننکانہ صاحب پر سینکڑوں پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں نے پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کر کے زندگی کی بہت بڑی غلطی کی تھی جس کا مجھے پوری زندگی پچھتاوا رہے گا ۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری محمد ارشاد انجم، سابق چیئرمین بلدیہ ننکانہ چوہدری لال دین اختر، حاجی نذیر احمد ٹیلر ماسٹر، صفدر شاہ، رائے عباس کھرل، چوہدری منور مان، رائے ہارون رشید بھٹی، سید محمد اقبال جعفری، رائے محمد نور کھرل سمیت سینکڑوں کارکن موجود تھے۔ اس موقع پر کارکنوں نے پیپلز پارٹی زندہ باد ، زندہ ہے زندہ ہے بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگائے۔ رائے شاہجہان نے کہا جس شخص نے بھی پیپلز پارٹی چھوڑی وہ ہمیشہ کے لیے سیاست میں مٹ گیا۔ پیپلز پارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کے کونے کونے میں موجود ہے اور وفاق کی علامت ہے اور پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے۔ پیپلز پارٹی اس حلقہ میں 9ہزار خواتین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد دے رہی ہے اور آئندہ بھی ےہ سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بیروزگار نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کا پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے انہوں نے کہا پاکستان کی تاریخ گواہ ہے ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی تمام جماعتوں سے بڑھ کر ووٹ حاصل کرتی رہی۔ انشاءاللہ تعالیٰ 2013میں بھی پیپلزپارٹی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوکر ملک کی تقدیر کو سنوارے گی بعدازاں رائے شاہ جہاں احمد بھٹی نے سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر ننکانہ صاحب کے پاس حلقہ این اے 137 کا اپنا ٹکٹ جمع کروایا۔