قتل، کاروکاری کے 2 ملزمان نے انگاروں پر چل کر اپنی بے گنا ہی ثابت کر دی

ڈیرہ غازی خان (آن لائن) ڈیرہ غازی خان میں جرگے نے انصاف فراہم کرنے کےلئے پتھر کے دور کا اصول آزمایا۔ دو ملزمان انگاروں پر چل کر بے گناہ ثابت ہو گئے۔ تفصیلا ت کے مطابق تمن لغاری میں مقامی قبائلی عمائدین نے قتل اور کارو کاری کے الزامات پر جرگہ منعقد کیا، نام نہاد عدالت لگائی اور ملزم پیش ہوئے۔ پہلے ملزم امیر بخش لغاری پر بد چلنی کا الزام تھاجبکہ دوسرے ملزم حسان احمدپر الزام 25سال قبل کئے گئے ایک قتل کا الزام تھا۔دونوں طرف کے دلائل سننے کے بعد جرگے نے اپنا فیصلہ سنایا اور فیصلہ یہ کہ مجرم کون، معصوم کون، یہ فیصلہ آگ کرے گی، ملزمان کو دہکتے انگاروں چلایا گیا اور دونوں ملزم انگاروں سے گزر گئے۔ دونوں کو بے گناہ قرار دے دیا اور سزا ملی الزام لگانے والوں کو، انہیں جرمانے کر دیئے گئے۔