فیصل آباد: فنی خرابی کے باعث عازمین حج کا طیارہ واپس اتار لیا گیا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) عازمین حج کو لے جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کو فنی خرابی کے باعث ہنگامی طور پر بحفاظت فیصل آباد ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ایئرلائن کمپنی کی چھٹی حج پرواز SA-1161 کو فنی خرابی کے باعث پرواز کرنے کے 12 منٹ بعد ہی ہنگامی طور پر بحفاظت فیصل آباد ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ فیصل آباد سے 3280 عازمین حج کو 20 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب حج ادا کرنے کے لئے لے جایا جائے گا۔ ہنگامی طور پر لینڈ کی گئی پرواز میں 165 عازمین حج سوار تھے جنہیں بحفاطت طریقے سے جہاز سے اتار لیا گیا ہے جبکہ طیارہ میں پیدا ہونے والی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔