چیچہ وطنی: مریضہ کی موت میں غفلت ثابت ہونے پر 2 ڈاکٹر برطرف، لیڈی ڈاکٹر کا تبادلہ

چیچہ وطنی (نامہ نگار) سیکرٹری صحت پنجا ب نے دوران آپریشن مریضہ کی موت کے واقعہ میں غفلت ثابت ہونے پر دو ڈاکٹروں کو نوکری سے برخاست کر دیا۔ لیڈی ڈاکٹر کا تبادلہ کردیا گیا۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی میں آپریشن کے دوران سرجن ڈاکٹر تنویر الحق، ڈاکٹر محمد طاہر بلوچ اور لیڈی ڈاکٹر راشدہ طارق کے مابین جھگڑے کے باعث مریضہ دم توڑ گئی تھی۔ لواحقین نے مذکورہ ڈاکٹروں کے خلاف سیکرٹری ہیلتھ کو درخواست دی تھی انکوائری میں جرم ثابت ہونے پر سرجن ڈاکٹر تنویر الحق اور ڈاکٹر محمد طاہر بلوچ کو نوکری سے برخاست کر دیا اور لیڈی ڈاکٹر راشدہ طارق کا تبادلہ ساہیوال کر دیا گیا۔