سول عدالتیں محنت سے کام کر رہی ہیں دہشت گردی مقدمات بھیجے جائیں: اعتزاز

سول عدالتیں محنت سے کام کر رہی ہیں  دہشت گردی مقدمات بھیجے جائیں: اعتزاز

ساہیوال (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ملک کی سول عدالتیں پوری جانفشانی اور محنت سے کام کر رہی ہیں۔ دہشت گردی کے تمام مقدمات سول عدالتوں کو بھیجے جائیں اور ان عدالتوں کو ضروری وسائل مہیا کئے جائیں۔ انہیں پیش آنی والی ضروری قانونی رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ اگر سول عدالتیں دہشت گردی کے مقدمات کا فیصلہ ایک ماہ کے اندر نہ کر سکیں تو مقدمات فوجی عدالتوں کو بھجوائے جائیں۔ وہ پیپلز پارٹی ساہیوال کے ضلعی صدر ذکی چودھری کے والد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ذکی چودھری کے برادران چودھری شفقت جاوید اور چودھری جاوید بھی موجود تھے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ لاہور میں بشریٰ اعتزاز کی کی شکست کے متعلق وائٹ پیپر تیار کروا کر پرنٹ کروا لیا۔ یہ وائٹ پیپر آج اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں جاری کیا جائے گا اور ساہیوال پریس کے لئے اس کی کاپیاں ذکی چودھری کو فراہم کی جائیں گی۔ اُنہوں نے عمران خان کی جانب سے جوڈیشل کمشن کے قیام کے مطالبہ کی حمایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ازسرنو منظم کیا جا رہا ہے انتخابات تقریباً تین سال بعد ہوں گے اور اس عرصہ میں ہم پیپلز پارٹی کی خامیوں کو دور کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا کریڈٹ میاں نواز شریف کو جاتا ہے مگر وہ آئندہ انتخابات تک یہ کریڈٹ قائم نہیں رکھ سکتے ہیں کیونکہ جب بھی میاں نواز شریف کو اس طرح کے کریڈٹ ملتے ہیں وہ خود اپنے پائوں پر کلہاڑی مار کر انہیں ضائع کر لیتے ہیں۔