سرگودھا: خاتون اور 3 بچوں کی نعشیں برآمد، غیرت کے نام پر قتل کیا گیا: پولیس

سرگودھا (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) نواحی گائوں 91 شمالی میں واقع غیر آباد ماڈل ٹائون کے ویران گھر سے ایک خاتون اور 3 بچوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کو دوپہر کے وقت گمنام کال آئی کہ ماڈل ٹائون میں ایک گھر کے کمرے میں 4 نعشیں پڑی ہیں۔ پولیس نے 8 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ایک کمرے سے نعشیں برآمد کرلیں۔ مرنے والوں میں 2 لڑکیاں اور ایک لڑکا بھی شامل ہیں۔ بعدازاں خاتون اور 3 بچوں کو قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گزشتہ روز اپنی بہن اور اسکے 3 بچوں کو غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔