خیبر پی کے حکومت کا آرمی پبلک سکول کے شہدا کا چہلم پرسوں منانے کا اعلان، شدید زخمی طلبا کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ

پشاور (نوائے وقت رپورٹ + بیورو رپورٹ) خیبر پی کے حکومت نے آرمی پبلک سکول شہداء کا چہلم پرسوں 20 جنوری کو منانے کا اعلان کیا ہے۔ چہلم میں شہید و زخمی بچوں کے والدین اور سکول اساتذہ شرکت کرینگے۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہونگے۔ شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور تعزیتی ریفرنس بھی ہو گا۔ علاوہ ازیں آرمی پبلک سکول میں شدید زخمی ہونے والے بچے کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی ہدایت پر گزشتہ روز ان کے مشیر عارف یوسف ایڈوکیٹ آرمی پبلک سکو ل میں شدید زخمی ہونے والے بچے کی عیادت کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال گئے جہاں پر آرمی پبلک سکو ل میں شدید زخمی ہونے والے طالبعلم احمد نواز کی عیادت اور انکے والدین سے انکے بچے کے صحت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔