پرویز مشرف کو آرمی چیف ہم نے بنایا‘ کیفرکردار تک بھی پہنچائیں گے: چودھری نثار

ٹیکسلا (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو آرمی چیف ہم نے بنایا اور کیفرکردار تک بھی ہم پہنچائیں گے۔ ہمارا مقابلہ پرویز مشرف کو دس بار وردی میں منتخب کرانے والوں کے ساتھ ہے۔ ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی۔ پی پی کی حکومت نے 5 سال میں عوام کی زندگی اجیرن بنا دی اور کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے۔ پرویز مشرف کو بھائی کہنے والے انہیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔ انتخابات میں بدنامی خان کے ساتھ سونامی خان کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیں گے۔ 11 مئی کو عوام ن لیگ کو ہی کامیاب کرائیں گے۔