بلوچستان : آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ‘ ماشکیل میں مواصلات‘ بجلی کا نظام درہم برہم

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری ہے۔ گزشتہ صبح آنے والے زلزلے کی شدت 6ریکارڈ کی گئی ایک بار پھر پاک ایران سرحد سے اٹھنے والے زلزلے سے بلوچستان کے کئی اضلاع لرزگئے ، ماشکیل جو منگل کو زیادہ متاثر ہوا۔گزشتہ روزبھی وہاں آفٹر شاکس محسوس کئے گئے بلوچستان کے دیگر اضلاع دالبندین ، نوشکی اور نوکنڈی تک آفٹرشاکس کے زیر اثر آئے۔ آفٹر شاکس ایران میں بھی محسوس کئے گئے ان کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں علاقے میں خوف وہراس کی فضا قائم ہے۔ دوسری جانب بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دعائیں اس سانحہ کے متاثرین کےلئے ہیں۔ دریں اثناءکینیڈین وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں پاکستان اورایران کے سرحدی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے باعث ہونے والی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کے اثرات کو دور کئے جانے میں مدد کرنے کے لئے تیار ہے جبکہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے زلزلے میں لوگوں کی ہلاکت پرتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ نے جان کیری نے زلزلے سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے امداد کی پیشکش کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین پاکستان کے زلزلہ متاثرین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے کو تیار ہے ۔ فرانس نے بھی جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ ماشکیل بازار اورقریبی دیہات کے لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔زلزلے سے متاثرہ پورے علاقے مواصلات اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیااور لوگوں کو پینے کا پانی حاصل کر نے میںبھی مشکلات کا سامنا ہے۔ا±دھر فوج اور فرنٹیئر کور کے تین سو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جن میں ڈاکٹر اور طبی عملے کے دیگر افراد کے علاوہ انجینیئر بھی شامل ہیں’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق ماشکیل سے شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کو ئٹہ کے ’سی ایم ایچ‘ اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایک محتاط سروے کے مطابق جو علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا اس کی آبادی لگ بھگ 15 ہزار ہے اور یہاں زیادہ تر گھر مٹی سے بنے ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی ہدایت پر پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان زلزلہ متاثرہ علاقوں میں متاثرین کے لئے فوری طور پر امدادی سامان کے ٹرک روانہ کردیئے ہیں۔