انقلابی دھرنے والے بیٹے کو گھر نہیں آنے دے رہے، وزیر داخلہ مدد کریں: والدین کی اپیل
ملکوال (نامہ نگار) بیٹے کو انقلابی دھرنا سے رہا کروا کر گھر بھجوایا جائے، بوڑھے والدین نے وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے مدد کی اپیل کر دی۔ ملکوال کے نواحی موضع چک نمبر 16کراڑیوالا کے رہائشی سید شفقت حسین شاہ اور انکی اہلیہ نے میڈیا کو بتایا کہ انکا 22سالہ بیٹا سید قدیرالدین شاہ ادارہ منہاج القرآن میں پڑھتا رہا تھا اور اب گورنمنٹ کالج منڈی بہائوالدین میں زیر تعلیم ہے۔ 40روز قبل ادارہ کے چند طلبا اُسے لاہور میں محفل نعت میں شرکت کا کہہ کر لے گئے لیکن وہاں سے اُسے اسلام آباد دھرنے میں لے گئے ہیں۔ وہ اپنے بیٹے کی جدائی میں بیمار اور پریشان ہیں اپنے بیٹے سے ملنا چاہتے ہیں۔ بیٹے سے فون پر رابطہ ہوا تھا اور اُسے واپس گھر آنے کو کہا تو اس نے بتایا کہ اسے انقلاب مارچ کی انتظامیہ واپسی کی اجازت نہیں دیتی۔