فیصل آباد: دیرینہ دشمنی پر میاں بیوی کو بیٹی اور نواسے سمیت قتل کر دیا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) جڑانوالہ کے چک نمبر273گ۔ب میں نماز فجر کے وقت دیرینہ رنجش کی بنا میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ روڈالہ روڈ کے علاقہ چک نمبر273گ۔ب کا رہائشی بشیر احمد اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ گھر پر موجود تھا کہ اس دوران ملزمان ناصر، آصف وغیرہ زبردستی گھر میں داخل ہو گئے اور 55سالہ بشیر احمد، اس کی 50سالہ اہلیہ سرداراں بی بی، بیٹی 35سالہ حنیفاں بی بی اور 10سالہ نواسے امین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور اسلحہ سمیت ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واضح رہے کہ مقتول بشیر احمد کے بیٹوں عباس اور شمعون نے تقریباً 22سال قبل ملزمان ناصر اور آصف کے باپ ریاض کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ جس کا رنج ملزمان ناصر اور آصف کے دل میں بھرا ہوا تھا جس کی بناء پر ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر ایک ہی خاندان کے چار افراد کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔