شرقپورشریف، وزیر آباد میں مقابلے، سرغنہ سمیت 5 ڈاکو ہلاک، ایک راہگیر زخمی

شرقپور شریف + فیروز والا ( نامہ نگاران ) شرقپور شریف کے موضع میرپور میں راہگیروں کو لوٹنے والے دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ ایک راہ گیر شدید زخمی ہوگئے۔ نواحی گائوں میر پور میں آصف علی ، علی رضا خاں ،رحمت علی ،ظفر علی خضرحیات جو میلہ دیکھ کر رات دو بجے دربار بابا مستان شاہ سے گائوں ٹوریاں جارہے تھے راستے میں آٹھ ڈاکووں نے انہیں گن پوائنٹ پر روک لیا اور باغ امرودو میں لے جاکر شلوار کے نلوں کے ساتھ باندھ دیا اور ہزاروں روپے کی نقدی موبائلز فون چھین لیے۔ بعدازاں چار خواتین کو یرغمال بنانے لگے تو انہوں نے شور مچا دیا جس پر گائوں کے لوگ اکٹھے ہوگئے اور دو طرفہ سے فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو ڈاکو عظیم اور آصف اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جن کاتعلق نورے والہ سے ہے جبکہ ایک راہ گیر خضرحیات شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر لاہور ہسپتال داخل کروادیا گیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوئوں کے بارے میں تھانے میں ریکارڈ ملا ہے۔ وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق نواحی علاقہ اوجلہ پل نہر روڈ پر کوٹ یوسف کے قریب پولیس مقابلہ میں سرغنہ سمیت 3 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ کوٹ یوسف کے قریب ناکہ لگا رکھا تھا۔ گکھڑ پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں گھیر لیا اور مقابلہ شروع ہو گیا۔ ایک گھنٹہ تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ڈاکو شکیل عرف بلا، انصر اور اویس موقع پر ہلاک ہو گئے۔ بہاولنگر، منچن آباد سے نمائندہ نوائے وقت ، نامہ نگار کے مطابق  نصف درجن سے زائد نامعلوم مسلح ڈاکودن دیہاڑے زرعی ترقیاتی بینک میں ڈکیتی کے بعد دو پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر تے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واردات کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچنے والا عبدالرزاق نامی پولیس اہلکار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق جبکہ دوسرا اہلکار افتخار شدید زخمی ہو گیا۔ اسی گروہ نے منڈی صادق گنج تھانہ کی حدود میں فتوئی مہاراں میں ایک راہگیر لیاقت میواتی نامی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔