پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں کلین سویپ کرے گی: ڈاکٹر ظفراللہ

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبر ڈاکٹر ظفراللہ ملک نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی۔ ضلع شیخوپورہ کو منی لاڑکانہ بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ 168 چار چک رسالہ‘ بھیکی اور فیروز وٹواں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں (ن) لیگ کی حکومت نے مہنگائی‘ بیروزگاری اور لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں دیا۔ جبکہ صوبے کے فنڈ روٹی سکیم‘ لیپ ٹاپ پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک اور قوم کیلئے کام کیا۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کیلئے اپنی جان قربان کر دی۔ 27 دسمبر کو بھیکی میں قرآن خوانی کروائی جائے گی۔ ڈاکٹر ظفراللہ ملک نے کہا کہ حلقہ 168 میں (ن) لیگ کے نمائندہ نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔ جس سے علاقہ کے عوام کی محرومیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پورے ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہو گی۔