سیاسی جماعتیں عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ایک دوسرے پر الزامات لگا رہی ہیں

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی ) پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی رہنماﺅں عبدالحمید، صوفی طفیل قادری، اظہر پاشا اور حاجی طارق نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی پارٹیاں عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں جب کہ نیب کی رپورٹ کے مطابق مرکزی اور صوبائی حکومتیں کرپشن میں برابر کی شریک ہیں سب لوگ اپنی اپنی باری پر ملک کے خزانے کو لوٹ کر چلے جاتے ہیں اور عوام بے چاری خالی نعرے لگانے کے لئے پانچ سال بعدپھر میدان میں آ جاتی ہے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کرپٹ نظام کے خلاف بغاوت کے لئے 23 دسمبر کو لاہور آ رہے ہیں اس سے پہلے کرپٹ سیاسی لٹیرے ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھر کے مختلف دیہات میں اپنے خطابات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا بچہ بچہ اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے مینار پاکستان پہنچے گا اگر پنجاب حکومت یا کسی اور نے رکاوٹ بننے کی کوشش کی تو ملک بھر میں دمادم مست قلند ہو گا۔