سرکاری ہسپتالوں کے وسائل بیجا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

سرکاری ہسپتالوں کے وسائل بیجا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (آئی اےن پی + این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں اور ہسپتالوں کو بنیادی ضروریات کی فر اہمی ہماری ذمہ داری ہے لےکن ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اور دیگر عملے کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ بلاوجہ غریب عوام کو علاج و معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے میں کسی قسم کا کوتاہی نہ کرے، ہماری کوشش ہے کہ کوئٹہ میں قائم 5 بڑے ہسپتالوں کو جدید سامان اور ادویات فراہم کریں تاکہ دور دراز سے آنے والے غریب لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو، اگر غریب کا علاج نہ ہو تو دکھ ہوتا ہے۔ اگر کوئی ڈاکٹر میڈیکل ریپ کی فرمائش پر ادویات تجویز کرتا ہوا ملوث پایا گیا تواس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، 35 سال پہلے جس شعبے میں وہ کام کرتے تھے آج اس کی حالت دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ وہ پیر کو سول ہسپتال کوئٹہ کے اچانک دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسلم شاکر، سیکرٹری صحت صبور کاکڑ، ایڈیشنل سیکرٹری صالح محمد ناصر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نواز کبزئی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈوں میں گئے، مریضوں کی عیادت کی اور مسائل معلوم کئے۔ صفائی اور بعض وارڈوں کی صورتال ابتر ہونے پر وزیر اعلیٰ نے عدم اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے اچانک دورے کا مقصد ہسپتالوں میں مریضوں اور ڈاکٹروں کی مسائل اور مشکلات معلوم کرنا ہے کوئٹہ کے 5 بڑے ہسپتالوں کو جدید آلات اور ادویات فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں اب یہ ڈاکٹروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ سرکاری ہسپتالوں میں اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دےں تاکہ غریب عوام کو سہولت میسر ہو۔ میں خود بھی ڈاکٹر ہوں اس برادری میں اکثر میرے دوست اور کلاس فیلو بھی موجود ہیں میری ان سے گزارش ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غریب مریضوں کی علاج و معالجے کے لئے اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات سمےت دیگر مشکلات موجود ہیں لےکن کوئٹہ سمےت صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ سرکاری ہسپتالوں کے وسائل کے بے جا استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سول ہسپتال کے غیر حاضر ڈاکٹروں کی فہرست تیار کر لی ہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں کسی غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سرکاری ادویات کی نجی میڈیکل سٹورز پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرینگے۔ سرکاری ادویات کی قیمتیں کم کرنے سمیت ہسپتال میں ہر طرح کی سہولیات فراہم کریں گے۔