خیبر پی کے: ضمنی انتحابات کیلئے مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کا اتحاد کا اعلان، تحریک انصاف نے این اے 1 پر سید بادشاہ کو امیدوار نامزد کر دیا

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 1 پر ضمنی انتخابات کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے سید بادشاہ کو امیدوار نامزد کردیا ہے جبکہ اس نشست پر انتخاب لڑنے کے خواہشمند دیگر پارٹی رہنماﺅں سے بات چیت کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔ یہ بات تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور صوبہ خیبر پی کے کے وزیر صحت شوکت یوسفزئی نے پیر کے روز میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی۔ علاوہ ازیں صوبہ خیبر پی کے کی مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں تحریک انصاف، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی اور عوامی جمہوری اتحادنے صوبہ سے قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 4 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے اتحاد کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مردان سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 27 جماعت اسلامی جبکہ باقی تمام خالی نشستیں پاکستان تحریک انصاف کے حصہ میں آئی ہیں۔ اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وزیر اعلیٰ پرویز خان خٹک کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔