تحریک انصاف کی اصلیت عوام پر چالیس دنوں میں ہی کھل گئی: میاں افتخار حسین

پشاور (بیورو رپورٹ + اے پی اے ) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کی اب تک کی کارکردگی نہایت ناقص رہی ہے اور انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدے بھلا کر تحریک انصاف کے سربراہ یہ اعلان کر چکے ہیں کہ خیبر پی کے میں حکومت چلانا ہمارے بس سے باہر ہے۔ صوبے میں دہشت گردوں کے بے شمار گروپ کام کر رہے ہیں۔ حکمران دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ باچا خان مرکز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک، شگفتہ ملک اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری تاج الدین بھی موجود تھے۔ میاں افتخارحسین کا کہنا تھا کہ ڈرون گرانے کے اعلان کرنے والے آج ہر معاملہ مرکزی حکومت پر ڈال کر اپنی جان چھڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اپنی حکومت میں خود احتجاج کی روایت اور اس میں وزیر اعلیٰ کا شامل ہونا سابقہ دور میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی نقل کی جا رہی ہے جس کو عوام بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ واپڈا سے اپنا حق مانگ سکے۔ واپڈا کے چیف نے واپڈا کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پی کے کو اپنے حصے کی بجلی مل رہی ہے مگر بڈھ بیر گرڈ سٹیشن کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کرنا ضروری ہے جبکہ بڈھ بیر گرڈ سٹیشن مکمل طور پر کام کر رہا ہے۔ واپڈا بھی جھوٹ بول رہا ہے اور مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے جھوٹ کی انتہا کر دی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے اپنے دور حکومت میں ایک دن بھی نیٹو سپلائی بند کرنے کی جرات نہیں کی۔ خود کش دھماکوں میں زخمیوں کی عیادت کےلئے بھی حکمران طبقہ نہیں جاتا۔ میاں افتخارحسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی خیبر پی کے میں ابتدا میں ہی ناکام ہوگئے ہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک صوبے میں حکمرانی نہیں کر سکتی تو پورے ملک میں کیا کرے گی۔ پی ٹی آئی اتنی بے بس ہے کہ حکومت میں ہوتے ہوئے بھی انہیں لوڈشیڈنگ کےخلاف سڑکوں پر نکلنا پڑ رہا ہے۔ تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں کامیابی کیلئے یہ ڈرامہ رچا رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی اصلیت عوام پر چالیس دنوں میں ہی کھل گئی نوازشریف نے تحریک انصاف کو خیرات میں حکومت دی۔ نوشہرہ میں ضمنی انتخابات کیلئے وزیر اعلیٰ کا بھانجا انتخابی مہم چلا رہا ہے الیکشن کمشن کے نوٹس نہ لینے کی صورت میں عدالت جائیں گے۔