شاہ کوٹ : پولیو ٹیم پر حملہ، تلخ کلامی، دھکے دئیے، پیر محل میں قطرے پلوانے سے انکار پر باپ گرفتار

شاہ کوٹ + پیرمحل (نامہ نگاران) نواحی گاؤں  محمد پورہ میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم پر حملہ، ایل ایچ وی نورین اختر کو گالی گلوچ کرنے کے علاوہ دھکے بھی دئیے گئے۔ نورین اختر ایل ایچ وی مڈوائف نازیہ بگا اور پولیس کانسٹیبل مشتاق احمد کے ہمراہ محمدپورہ گاؤں میں ندیم آرائیں کے گھر اس کی بیٹی کو پولیو کے قطرے پلانے گئی تو اہلخانہ کے انکار پر نورین اختر نے قطرے پلانے کی ضرورت پر زور دیا تو ندیم نے اسے گلے سے پکڑ کر دھکے دئیے اور زبردست گالی گلوچ بھی کیا۔ پولیس تھانہ صدر شاہ کورٹ نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں پیرمحل میں بچے کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار پر پولیس نے باپ کو گرفتار کر لیا۔ بھسی روڈ پر گاؤں 728 گ ب کے سجاد شاہ نے اپنے ڈیڑھ ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کرتے ہوئے انسداد پولیو ٹیم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔