ڈینیل پرل کیس کے سزا یافتہ شیخ عمر کی حیدر آباد جیل میں خودکشی کی کوشش

ڈینیل پرل کیس کے سزا یافتہ شیخ عمر کی حیدر آباد جیل میں خودکشی کی کوشش

حیدرآباد (آئی این پی) سینٹرل جیل حیدرآباد میں امریکی صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس میں سزائے موت پانے والے کالعدم تنظیم کے رہنما شیخ عمر کی جانب سے خودکشی کی کوشش کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے‘ بلدیہ پولیس نے سینٹرل جیل میں شیخ عمر کا بیان ریکارڈ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل حیدرآباد میں امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں سزائے موت پانے والے کالعدم تنظیم کے رہنماء شیخ عمر نے کپڑے سے پھندا لگا کر خودکشی کی کوشش کی‘ دو روز تک سینٹرل جیل انتظامیہ واقعہ کو چھپانے کی کوشش کرتی رہی تاہم گذشتہ روز بلدیہ تھانے میں شیخ عمر کی خودکشی کی کوشش کا مقدمہ درج کرادیا گیا‘ بلدیہ پولیس کی ایک ٹیم نے سینٹرل جیل حیدرآباد میں خودکشی کی کوشش کرنے والے شیخ عمر کا بیان ریکارڈ کیا‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ عمر نے گلے میں کپڑا ڈال کر خودکشی کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا‘ پولیس نے شیخ عمر کے بیان کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔ سزا کے خلاف ملزم کی اپیل سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔