مستونگ میں نیٹو کنٹینرز پر حملہ، 2 جل گئے، بجلی ٹاور دھماکے سے تباہ

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ڈی سی ہائوس مستونگ کے قریب 2 نیٹو کنٹینرز پر فائرنگ کی گئی جس سے کنٹینرز کو آگ لگ گئی۔ کنٹینرز کوئٹہ سے کراچی جا رہے تھے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دریں اثناء لونی گیس فیلڈ میں 8 انچ قطر گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کر دی گئی، متاثرہ لائن سے پلانٹ کو جانے والی گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ادھر ضلع کوہلو کی تحصیل میں ماوند میں رابطہ پل دھماکے سے تباہ کر دیا گیا۔ لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ ماوند میں 33 کے وی بجلی کے ٹاور کو بھی دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا گیا جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔