شیخوپورہ: محنت کش کی 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد گلا کاٹ کر مار ڈالا‘ گوجرانوالہ میں طالبہ زیادتی کا شکار‘ 2 ملزم گرفتار

فیروزوالہ + شیخوپورہ + گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) شیخوپورہ تھانہ فیروزالہ کے علاقے رچنا ٹائون میں نامعلوم افراد نے 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد چھری سے گلا کاٹ کر مار ڈالا گیا جبکہ گوجرانوالہ میں تھرڈ ایئر کی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا جبکہ فیصل آباد ، چنیوٹ اور اوکاڑہ میں بھی 7 خواتین زیادتی کا شکار ہو گئیں۔ تفصیلات  کے مطابق  تھانہ فیروزوالا شیخوپورہ کے علاقہ عزیز ٹائون میں شیطان صفت ملزمان نے محنت کش کی 7 سالہ کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چھری سے گلا کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور اسکی نعش بچی کے گھر کے سامنے واقع خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ ملزموں نے بچی کے جسم اور ہاتھوں کو چھریوں کے وارکرکے لہولہان کردیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ہمایوں بشیر تارڑ، ایس پی انوسٹی گیشن رانا محمد ممتاز، ایڈیشنل ایس پی عرفان اللہ خاں ودیگر پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ فیض احمد لاہور کی سبزی منڈی میں پلے داری کا کام کرتا ہے اور اسکی 7 سالہ بیٹی ہما صبح قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے گھر سے گئی تو سفاک ملزمان اسے راستہ سے اغوا کر لے گئے اور اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چھری سے گلا کاٹ  کر اس کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جب کمسن ہما کی نعش کا گھر والوں کو معلوم ہوا تو گھر میں قیامت برپا ہو گئی۔ ڈی پی او شیخوپورہ نے فیروزوالہ پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ  میں تھرڈ ائیرکی طالبہ کو تین اوباش نوجوانوں نے مبینہ اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔  پولیس نے واقعہ میں ملوث 2 ملزموں کو گرفتارکرلیا ہے۔ ایک ملزم پولیس انسپکٹر اور دوسرا حوالدار کا بیٹا ہے۔ متاثرہ طالبہ طبی معائنہ کیلئے ہسپتال پہنچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اروپ کی رہائشی تھرڈ ائیر کی طالبہ ( ش) کو اس کے گاؤں  کے رہائشی تین اوباش نوجوانوں ثاقب، قاسم اور انکے ایک نامعلوم ساتھی نے مبینہ طور پر گن پوائنٹ پر اغوا کے بعد نامعلوم مقام پر لیجا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ (ش) نے کہا کہ  چھٹی کے بعد گھر جا رہی تھی کہ اسے مذکورہ ملزمان نے زبر دستی گن پوائنٹ پر اغوا کیا اور نا معلوم جگہ پر لے گئے جہاں ان تینوں نے اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسے نیم بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ سیٹلائٹ ٹاون پولیس مصروف تفتیش ہے۔ فیصل آباد میں دو شادی شدہ خواتین سمیت تین خواتین کو اغوا کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ گڑھ کلیانوالہ  میں  شادی شدہ  22 سالہ (ع) اکیلی گھریلو کام کاج میں مصروف تھی کہ اسی دوران ملزمان اللہ دتہ وغیرہ چار افراد اسے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ بٹالہ کالونی میں شادی شدہ (س) کو ملزم وسیم وغیرہ  مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا  جبکہ ستیانہ چک 435گ۔ب  16سالہ بیٹی(ر) گھر پر اکیلی موجود تھی کہ اسی دوران ملزمان سخی وغیرہ دو افراد زبردستی گھر میں داخل ہو گئے اور اسے زبردستی مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ چنیوٹ کے نواحی علاقہ چک نمبر139ج ب میں 9 ملزمان آصف علی، خادم، عمر دراز، شیر محمد وغیرہ نے (ا) کوگن پوائنٹ پر اغوا کیا اور ملزم آصف نے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ موضع بگھ احمد والا میں بھی پانچ ملزمان عمر دراز، ریاض، پرویز اور دو کس نامعلوم ملزمان نے (ع) کو اغوا کیا اور زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ اوکاڑہ  کے نواحی گاؤںکی جواں سالہ (پ) ڈھاری سے گھر جارہی تھی کہ راستے میں ملزم شاہد نے اسے پکڑ لیا اور زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ارشاد ٹاؤن  میں (ن) اپنے گھر میں اکیلی تھی کہ ملزم نے دھمکی دیتے ہوئے اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔