پاکستان اور یورپی یونین کا دوطرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان‘ فروغ دینے پر غور

برسلز (اے پی پی) پاکستان اور یورپی یونین نے دوطرفہ تعلقات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے ان تعلقات کو مزید وسیع کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر غور و خوض کیا ہے۔ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کی قیادت میں وفد نے یورپی یونین کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہیلگا شمڈ کے ساتھ دوطرفہ سیاسی مذاکرات کئے۔ سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے یورپی یونین کے پاکستان کو خود مختار تجارتی ترجیحی درجہ دینے کے فیصلہ کو سراہا۔ سیکرٹری خارجہ نے یورپی یونین کے مذاکراتی وفد کو پاکستان کی موجودہ جمہوری حکومت کی قانون سازی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اٹھائے گئے دیگر اقدامات بارے آگاہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے انسانی حقوق خاص طور پر خواتین‘ بچوں اور اقلیتی گروپوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارے بھی بتایا۔ یورپی یونین کے وفد نے ان قدامات کو سراہا۔ پاکستان اور یورپی یونین کے وفود نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ سیکرٹری خارجہ نے یورپی یونین کی ایکسٹرنل ایکشن سروس کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہیلگا شمڈ کو 2013ءکے آئندہ سیاسی مذاکرات کے اگلے دور کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔