نیٹو کنٹینر حملہ کیس، عدالت کی پولیس کو گواہ پیش کرنے کی ہدایت

راولپنڈی (آئی این پی) انسداد دہشت گردی راولپنڈی ڈویژن کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج چودھری حبیب الرحمان نے نیٹو کنٹینر پر حملہ کیس وکلا کی عدم حاضری کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ استغاثہ کے گواہوں کو پیش کیا جائے۔ ہفتہ کے روز سماعت کے موقع پر عدالت میں استغاثہ کے گواہوں کے بیانات قلم بند کئے جانے تھے لیکن وکلا کی عدم حاضری اور پولیس کی جانب سے گواہ مقدمہ عدالت میں پیش نہیں کئے جانے پر عدالت نے اظہار برہمی کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ ملزمان علی عمران، شجاع الدین وغیرہ پر الزام ہے کہ انہوں نے اٹک، ترنول، فتح جنگ اور سہالہ کے قریب دہشت گردی کے واقعہ میں نیٹو کنٹینروں پر فائرنگ کے بعد انہیں نذر آتش کر دیا تھا۔