حکمران کرپشن چھپانے کےلئے سپریم کورٹ کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں‘ عمران خان

حکمران کرپشن چھپانے کےلئے سپریم کورٹ کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں‘ عمران خان

 گوجرانوالہ/ وزیرآباد ( نمائندہ خصوصی +نامہ نگار) سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے تحریک انصاف سپریم کورٹ کے تمام فیصلوں کےساتھ کھڑی ہے، حکمران اپنی کرپشن چھپانے کےلئے سپریم کورٹ کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے، ایم کیو ایم کو سپریم کورٹ کے احکامات کا احترام کرنا چاہئے، اقتدار میں شامل کسی جماعت کےساتھ اتحاد نہیں کریں گے بلکہ اکیلے الیکشن میں حصہ لیں گے، شریف برادران کی حفاظت پر 1260 پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ ملکہ برطانیہ کی حفاظت پر 20 پولیس اہلکار مامور ہیں ان کو ملکہ برطانیہ سے زیادہ پروٹوکول مل رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب جتنے مرضی ڈرامے کر لیں تحریک انصاف الیکشن کے میدان میں شکست دے گی۔ وہ ہیڈ خانکی ریسٹ ہاﺅس میںغلام سرور چیمہ مرحوم کے چہلم میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور گوجرانوالہ میں انصاف پروفیشنل فورم کی جانب سے دئیے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا تحریک انصاف کی مقبولیت دیکھ کر وزیراعلیٰ کبھی گرلز کالج میں گانے گاتے ہیں، کبھی لیپ ٹاپ تقسیم کرتے ہیں، کبھی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر ڈرامہ بازی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ضمنی الیکشن مقبولیت جانچنے کا پیمانہ نہیں ضمنی الیکشن میں شوکت عزیز بھی 80 ہزار ووٹ حاصل کر لیتا ہے، انہوں نے کہا مسلم لیگ ن والے جتنے مرضی جیتنے والے اکٹھے کر لیں میں ان کو بتاﺅنگا کیسے نوجوان ان کو شکست دیتے ہیں۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاحکمران روزانہ 12 ارب روپے کی کرپشن کررہے ہیں۔ الیکشن کمشن 80 کروڑ ووٹرز کی صحیح لسٹ بنانے میں ناکام نظر آتا ہے۔ ملک کی سیاسی جماعتیں فیملی لمیٹڈ کمپنیز بن چکی ہیں۔ نوجوان جانتے ہیں حکمران ملک کی بہتری کےلئے کچھ نہیں کرسکے۔ پیشگوئی کرتا ہوں جتنے بڑے بڑے نام ہیں وہ ایک طرف اور نوجوان ایک طرف ہونگے۔ نواز شریف نے ابھی تک اپنے اثاثے ڈکلیئر نہیں کئے‘ کسی کو نہیں پتہ نواز زرداری کتنا ٹیکس دے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن والے سونامی کے خوف سے شجاعت اور شیخ رشید کے ترلے منتیں کرکے ان کو بھی واپسی پر رضامند کررہے ہیں۔ تقریب سے شاہ محمود قریشی‘ ڈاکٹر گلزار‘ ڈاکٹر زاہد محمود‘ ڈاکٹر زاہد محمود‘ رانا شہزاد حفیظ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعدازاں عمران خان پیپلز پارٹی ناہید خان گروپ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والے خواجہ خالد عزیز لون کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے خواجہ خالد عزیز لون‘ ریاض پہلوان‘ محمد اشرف کریمی کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر علی اشرف مغل‘ نعیم الرحمان بھی موجود تھے۔ عمران خان نوائے وقت کے کالم نگار فاروق عالم انصاری کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں انہوں نے فاروق عالم انصاری کی عیادت کی۔