خضدار: فائرنگ سے ایس ایچ او جاںبحق، کوئٹہ میں دستی بم حملہ، 3 افراد زخمی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایس ایچ او کو ہلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو خضدار کے علاقے ہسپتال روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایس ایچ او وڈھ نثار احمد مینگل کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچا کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ کوئٹہ میں گھر پر دستی بم کے حملے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹا¶ن بلوچ کالونی میں نامعلوم افراد نے ایک شخص حاجی شیر زمان کے گھر پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد محمد ارشد، عبدالمجید، لکھمیر زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر بولان میڈیکل ہسپتال پہنچا دیا گیا، دھماکے سے اردگرد کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔