نواز شریف پر بھروسہ ہے، تن من دھن سے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینگے: یعقوب پال

رائے ونڈ (عاطف محمود سبزواری) چیئرمین پاکستان کرسچن پارٹی بشپ یعقوب پال نے الیکشن میں ن لیگ کی حمائت کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے دوران 18 اضلاع کے مسیحی عہدیداروں کے ہمراہ مدنی فارم پر ”نوائے وقت“ کے نامہ نگار کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح تحریک پاکستان مسیحی برادری نے قائد اعظم ؒ محمد علی جناح کا پاکستان بنانے کیلئے جی جان سے ساتھ دیا تھا اب وہ میاں نواز شریف کو قائداعظم ثانی قرار دیتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تن من سے مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مسیحی قوم شروع سے محرومیوں کا شکار ہے لیکن اس کے باوجود انہیں میاں نواز شریف کی پالیسیوں پر مکمل بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کیلئے مسیحی قوم نے بہت قربانیاں دیں لیکن قائد اعظمؒ کے رحلت فرمانے کے بعد پاکستان کے وفاقی اور صوبائی حکمرانوں نے ہمیں دکھ اور درد کے سوا کچھ نہیں دیا، حقیقت یہ ہے کہ ہمیں جو عزت اور مقام قائداعظم ؒ نے دیا تھا وہ ان کے ساتھ ہی دفن ہوگیا۔ مسیحی ادارے بالخصوص سکولوں کے نیشنلائز ہونے سے ہماری تین نسلوں کا بیڑہ غرق ہوگیا ہے۔ گورے رنگ کے مسیحیوں نے کالے مسیحیوں پر ظلم کیا ہے اورآج تک ہمیں غلام بنا کر رکھا گیا ہے۔ پاکستان میں ایک سازش کے تحت مسیحیوں کی بجائے قادیانیوں کو نوازا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، یورپ اور آسٹریلیا میں مسیحی بزنس آئی کون ہیں، اگر اب بھی پاکستان میں مسیحیوں کے ساتھ اچھا سلوک ہو تو میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو بھی بزنس ٹائیگر بنا سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ میاںنواز شریف کی مسلم لیگ ہی قائداعظم ؒ کی مسلم لیگ کی حقیقی وارث ہے۔ مسیحی برادری کے ایک فرد کامران مائیکل کو وزیر خزانہ اور پھر سینٹر بنا کر میاں نواز شریف نے مسیحیوں کے دل جیت لئے ہیں۔ میاں نواز شریف کی اتوار کی چھٹی کی وجہ سے ہی آج ہمارے گرجے گھروں کی رونقیں قائم ہیں۔