لاہور میں 19 تا 24 نومبر ماں اور بچے کا ہفتہ منایا جائیگا

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ماں اور بچے کی صحت کے مسائل کو حل کرنے اور ملینیم ڈویلپمنٹ گول۔ 4 کے تحت ماں بچہ کی شرح اموات میں کمی کے لئے حکومت اہم اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں صوبہ بھر میں 15 تا 21 نومبر ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منایا جائے گا جبکہ لاہور میں یہ ہفتہ منانے کے لئے 19 سے 24 نومبر کی تاریخ طے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر کنٹرول کے بعد حکومت کا اگلا ٹارگٹ بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے معمول کے پروگرام کی کوریج کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے جنرل ہسپتال میں ذیابیطس کے دن کے موقع پر واک میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا جس میں سینکڑوں مریضوں کے مفت ٹیسٹ کئے گئے۔ تقریب کے اختتام پر مریضوں میں مفت ادویات تقسیم کرنے کے علاوہ ادویہ ساز کمپنیوں کی طرف سے تحائف بھی دیئے گئے۔