پشاور اور بلوچستان میں جھڑپیں‘ فائرنگ‘ تھانیدار شہید‘ 12 دہشت گرد ہلاک

پشاور+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + بیورو رپورٹ + ایجنسیاں) پشاور کے علاقے حیات آباد میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ یکہ توت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تھانیدار شہید ہو گیا جبکہ قلات، مستونگ،ماڑہ اور پنجگور میں سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حیات آباد میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک مکان پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دو کو گرفتار کرلیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب یکہ توت کے علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے اے ایس آئی شاکر اللہ شہید ہوگیا۔ شاکر اللہ کو موٹر سائیکل سواروں نے ڈیوٹی کیلئے جاتے ہوئے راستے میں نشانہ بنایا، حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فرنٹیئر کور بلوچستان کے قلات، مستونگ، پنجگور اور ماڑہ میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نے قلات اور مستونگ کے علاقوں جوہان، اسپلنجی اور بوئی میں کالعدم تنظیم کی کمین گاہوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا آپریشن میں ایف سی کے 400 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا کارروائی کے دوران ایف سی اور شرپسندوں کے درمیان طویل فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے کارروائی میں شرپسندوں کے کیمپوں سے 12 عدد ایس ایم جیز، 20 ہینڈ گرینیڈ اور 25 کلو گرام بارود برآمد کیا گیا۔ دریں اثناء آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئرکور بلوچستان، عوام کے تعاون سے شدت پسندوں اور دہشت گردوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔ علاوہ ازیں پنجگور میں دو نامعلوم افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ دونوں نعشیں تسپ سے ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں چمن میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں قبائلی رہنما کا بیٹاجاں بحق ہوگیا اور ایک تاجر زخمی ہوا۔ مولاداد اردوزئی کا بیٹا عصمت خان صبح بچوں کو سکول چھوڑنے جارہا تھا کہ بوغرا روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ ادھر کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2افراد کو ہلاک کردیا۔پولیس کے مطابق سریاب ڈگری کالج پھاٹک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2افرادگلاب اورشیرین کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ ادھر تربت میں نامعلوم مسلح افرادنے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق جمعرات کو تربت میںنامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک شخص امجد بلوچ کو ہلاک کردیااورموقع سے فرار ہوگئے۔